یوٹیوبر نے باپ کو قتل کرکے کٹا ہوا سر یوٹیوب ویڈیو میں دکھا دیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں ایک یوٹیوبر نے اپنے باپ کو قتل کرکے اس کا کٹا ہوا سر یوٹیوب ویڈیو میں دکھا دیا۔
نیوز ویب سائٹ’پرپاکستانی‘کے مطابق پنسلوینیا کے رہائشی اس 32سالہ یوٹیوبر کا نام جسٹن موہن ہے، جس نے تیز دھار آلے سے اپنے باپ کو قتل کیا او ر اس کا سر دھڑ سے الگ کرکے ویڈیو میں دکھایا۔ یوٹیوب کی طرف سے 14منٹ کی یہ ویڈیو اب ہٹائی جا چکی ہے۔
ویڈیو میں ملزم نے اپنے ہاتھوں پر پلاسٹک کے دستانے پہن رکھے ہوتے ہیں اور ایک ہاتھ سے ایک پلاسٹک بیگ اٹھا رکھا ہوتا ہے جس میں اس کے باپ کا کٹا ہوا سر واضح نظر آ رہا ہوتا ہے۔بعد ازاں اسے اپنے باپ کا سر کھانا پکانے کے ایک برتن میں رکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزم ویڈیو میں اپنے باپ کو غدار قرار دیتا ہے اور کہتا ہے کہ غداروں کے ساتھ یہی سلوک ہونا چاہیے۔وہ اپنی ویڈیو میں امریکہ کے تمام وفاقی محکموں کے ملازمین کو قتل کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ اس کا باپ بھی ایک وفاقی محکمے میں 20سال تک ملازم رہا تھا۔
ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے اگلے دن ملزم کو جائے واردات سے لگ بھگ 100میل کے فاصلے سے گرفتار کیا۔ گرفتاری کے بعد اسے مڈل ٹاﺅن ٹاﺅن شپ پولیس نے عدالت میں پیش کیا جہاں اس کی ضمانت کی استدعا مسترد کر دی گئی ۔