ہوم Breaking News مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، مزید بارشوں کی پیشگوئی

مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، مزید بارشوں کی پیشگوئی

0


کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

یونیورسٹی روڈ، بفرزون، فیڈرل بی ایریا، آئی آئی چندریگر روڈ، گلستان جوہر، ملیر، کیماڑی، شاہراہ فیصل، ماڑی پور، صدر، میٹروول، گلبائی، لیاری، شاہ فیصل کالونی، شارع فیصل، قائد آباد، کورنگی، کلفٹن، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، شیر شاہ میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

اس کے علاوہ لیاقت آباد، عائشہ منزل، کریم آباد، ناظم آباد،گلشن جمال، یونیورسٹی روڈ، ملیر، گلستان جوہر، اسکیم 33 سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور تیز بارش جاری ہے۔

جبکہ کلفٹن میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرگئی۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے صوبہ میں بارشوں کے پیش نظر کسانوں کی مدد کے لیے زرعی ایمرجنسی ریپڈ ریسپانس یونٹ بھی قائم کردیا۔

محکمہ زراعت کے تمام افسران و ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

سیکریٹری زراعت کا کہنا ہے کہ زرعی ایمرجنسی ریپڈ ریسپانس یونٹ کاشتکاروں اور کسانوں کو بارشوں کے دوران مدد اور آگاہی فراہم کرے گا۔

محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹ کاشتکاروں کے ساتھ گھر گھر جاکر کسانوں کو حفاظتی انتظامات سے متعلق معلومات فراہم کریں گے۔

سیکریٹری زراعت نے ہدایت جاری کی ہے کہ محکمہ زراعت کے تمام ڈویژنل اور ضلعی افسران اپنے دفاتر میں موجود رہیں اور کسانوں کی مدد کریں۔

بارش میں شہری برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں، ترجمان کے الیکٹرک

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی میں بجلی سپلائی کا نظام مستحکم ہے، ٹیمیں مدد کے لیے موجود ہیں، بارش کے موسم میں شہری برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں، بارش میں برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے ترسیلی تنصیبات سے فاصلہ قائم رکھیں، غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب عارضی طور پر بجلی بند کی جاسکتی ہے، کے الیکٹرک صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور فیلڈ اسٹاف الرٹ پر ہے۔

یاد رہے کہ آج کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

موسم کاحال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج اور کل کراچی، سکھر، لاڑکانہ سمیت سندھ کے دیگر مقامات پر آندھی اور بارش متوقع ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث سندھ کے مختلف علاقوں میں کہیں معتدل اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب شمال مشرقی بلوچستان میں بھی مغربی موسمی سسٹم اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے۔




Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version