سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں اُن کی لیگی قیادت سے ملاقات اور آئندہ حکومت کے حوالے سے مذاکرات کا امکان ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری لاہور پہنچ گئے، جہاں اُن کی لیگی قیادت سے لاہور میں نامعلوم مقام پر اہم ملاقات ہوگی۔
لیگی ذرائع کے مطابق ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور اسحاق ڈار آصف زرداری سے ملاقات کریں گے اور نواز شریف کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔
اس کے علاوہ شہباز شریف آصف علی زرداری کو نواز شریف کی جانب سے وفاق میں مشترکہ حکومت سازی کی دعوت بھی دیں گے۔ ن لیگ کے ذرائع کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف کو وفاق و پنجاب میں حکومت سازی کے لئے تمام تر اقدامات کا مینڈیٹ سونپ دیا۔
بلاول بھٹو زرداری سکھر سے خصوصی نجی طیارے سے لاہور پہنچے ہیں، جہاں وہ اگلی حکومت سازی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران سے مشاورت کریں گے۔
اس کے علاوہ بلاول بھٹو زرداری سے مسلم لیگ نون کے رہنماؤں کی ملاقات کا بھی امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ حکومت سازی کے حوالے سے لاہور میں سیاسی بیٹھک سجے گی۔