پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کو سینٹرل جیل گوجرانوالا سے رہا کردیا گیا۔
عالیہ حمزہ 9 مئی کے مقدمے میں گرفتار اور سینٹرل جیل میں قید تھیں۔
گوجرانوالا کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے 31 جولائی کو عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور کی تھی۔
عدالتی حکم پر آج عالیہ حمزہ کی طرف سے 50 ہزار روپےکے مچلکے جمع کرادیےگئے جس کے بعد ان کو رہا کردیا گیا۔ اس موقع پر سینٹرل جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی رہنما عالیہ حمزہ کو 29 اگست تک کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہےکہ کوئی بھی ایجنسی عالیہ حمزہ کو ہائی کورٹ کی اجازت کے بغیر گرفتار نہیں کرے گی۔