سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کے بعد زمبابوے کے سابق کرکٹر اور کوچ اینڈی فلاور نے بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنے سے انکار کردیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ ان دنوں نئے کوچ کی تلاش میں ہے اور اس سلسلے میں رکی پونٹنگ سے آئی پی ایل کے دوران کوچنگ کے لیے رابطہ کیا گیا تھاتاہم سابق آسٹریلوی کپتان نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے انکار کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے اینڈی فلاور کو امیدوار تصور کیا جارہا تھا تاہم اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے اینڈی فلاور نے کہا کہ وہ بھارتی ٹیم کے ہیڈکوچ کی حیثیت سے کام کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 56 سالہ اینڈی فلاور کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کی کوچنگ کیلئے میں نے اپلائی نہیں کیا اور نہ ہی اپلائی کروں گا، فی الحال میں فرنچائز گیم میں شمولیت سے خوش ہوں۔
واضح رہے کہ اینڈی فلاور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کے ہیڈکوچ تھے جب کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلورو کے کوچ کی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔