ہوم Breaking News بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو 3 روزہ سرکاری دورے پر اسلام...

بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو 3 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

0


بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر بیلاروس کے صدر کا استقبال کیا۔ بیلا روس کے صدر 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر بیلاروس کےصدر پاکستان پہنچے ہیں۔

بیلاروس کے صدر کی اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات ہوگی، پاک بیلاروس قیادت دو طرفہ تعاون اور روابط بڑھانے کیلئے بات چیت کرے گی۔

بیلا روس کے صدر کے دورہ پاکستان میں کئی معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوں گے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بیلاروس کے صدر کے دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کی آمد سے قبل بیلاروس کا اعلیٰ سطح کا 68 رکنی وفد اتوار کو اسلام آباد پہنچا تھا جس میں بیلاروس کے وزیر خارجہ، وزیر توانائی، وزیر انصاف، وزیر مواصلات، وزیر قدرتی وسائل، وزیر ہنگامی حالات اور سربراہ ملٹری انڈسٹری کمیٹی شامل تھے جبکہ بیلاروس کی 43 نمایاں کاروباری شخصیات بھی وفد کا حصہ ہیں۔

بیلاروس کے وفد کا دورہ ایسے موقع پر ہورہا ہے جب تحریک انصاف نے احتجاج کی فائنل کال دے رکھی ہے جس کے نتیجے میں حکام نے سرکاری عمارتوں اور سفارتی انکلیو پر مشتمل اسلام آباد کے ریڈ زون کو سیل کررکھا ہے۔

اتوار کو بیلا روس کے وفد کے استقبال کے موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں داخلے کی کوشش کرنے والے تمام مظاہرین کو گرفتار کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں تحریک انصاف کو عوام کو درپیش مشکلات کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے رہائشیوں اور انکی املاک کے تحفظ کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات کیے گئے۔




Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version