ہوم Breaking News دہشتگردی کےخلاف پوری قوم متحد اور افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے:...

دہشتگردی کےخلاف پوری قوم متحد اور افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: وفاقی وزیر داخلہ

0


وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے میر علی کے قریب سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے پر شدید اظہار مذمت کیا اور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے دوران شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کیپٹن محمد احمد بدر سمیت 7 جوانوں کی بہادری کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جرأت کے ساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، وطن عزیز کے امن کے لیے اپنی جان نچھاور کرنے والے پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شہدا ہمارا افتخار ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور دکھ کی گھڑی میں شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 2 افسران اور 5 جوان شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں 6 دہشت گردوں پر مشتمل گروہ نے پاک فوج کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی تو دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی، اس کے بعد متعدد خودکش بم حملے ہوئے جس کے نتیجے میں ایک عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا اور دہشت گرد حملے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوگئے۔

شہدا میں حوالدار صابر (ضلع خیبر کے رہائشی)، نائیک خورشید (ضلع لکی مروت کے رہائشی)، سپاہی ناصر (ضلع پشاور کے رہائشی)، سپاہی راجا (ضلع کوہاٹ کے رہائشی) اور سپاہی سجاد (ضلع ایبٹ آباد کے رہائشی) شامل ہیں۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں فوجی دستوں نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی (عمر 39 سال، رہائشی کراچی) اور کیپٹن محمد احمد بدر (عمر 23 سال، ضلع تلہ گنگ) نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرلیا۔




Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version