وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کے صدر آصف علی زرداری کو ملک کے نئے صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے، انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبوں کے منتخب ارکان نے آصف علی زرداری پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور کہا کہ قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبوں کے منتخب ارکان نے آصف علی زرداری پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری وفاق کی مضبوطی کی علامت ہوں گے، امید ہے بطور صدر پاکستان آصف علی زرداری اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آصف علی زرداری کا بطور صدر مملکت انتخاب جمہوری اقدار کا تسلسل ہے، اتحادی جماعتیں مل کر پاکستان کی ترقی و خوش حالی کے لیے محنت کریں گی۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور بیان میں کہا کہ آپ کا انتخاب ملک میں جمہوری عمل کے کامیابی سے آگے بڑھنے کا ثبوت ہے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ قوی امید ہے کہ آپ کی رہنمائی میں ملک میں جمہوریت مزید پروان چڑھے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آصف علی زرداری کو دوسری بار صدر منتخب ہونے پردلی مبارک باد دی اور کہا کہ صدر زرداری نے ملکی استحکام کو ہمیشہ مقدم رکھا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئین پاکستان کوایک بار پھر اس کاحقیقی محسن مل گیا ہے، صدر زرداری کی دوررس نگاہ نے ثابت کردیا کہ وہ ایک بہترین صلاح کار ہیں اور وہ تمام ریاستی اکائیوں کو یکجا کر کے ملک کو خوش حالی کی جانب گامزن کریں گے، صدرزرداری کی واضح برتری جمہوریت کی جیت ہے۔