واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی نژاد جگدیپ سنگھ جو الیکٹرک وہیکل بیٹری بنانے والی معروف کمپنی “کوانٹم سکیپ” کے بانی ہیں، دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ملازم ہیں۔ ان کی سالانہ آمدنی تقریباً 17500 کروڑ بھارتی روپے ہے، یعنی وہ روزانہ 48 کروڑ روپے (ایک ارب 57 کروڑ 44 لاکھ روپے) کما رہے ہیں۔ یہ رقم کئی بڑی کمپنیوں کی سالانہ آمدنی سے زیادہ ہے۔ جگدیپ سنگھ کے غیر معمولی تنخواہ پیکیج میں سٹاک آپشنز شامل ہیں، جن کی مالیت تقریباً 2.3 ارب امریکی ڈالر ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق جگدیپ سنگھ نے سٹینفرڈ یونیورسٹی سے بی ٹیک اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے سے ایم بی اے کیا۔ اپنے کریئر کی شروعات ایچ پی اور سن مائیکرو سسٹمز جیسی معروف کمپنیوں سے کی۔ بعد ازاں انہوں نے کئی سٹارٹ اپس کی بنیاد رکھی جن میں سے ایک ایئر سافٹ 1992 میں قائم کیا گیا۔
سنہ 2010 میں جگدیپ سنگھ نے کوانٹم سکیپ کی بنیاد رکھی، جو بیٹری ٹیکنالوجی میں جدید حل فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ یہ کمپنی ٹھوس حالت (سالڈ سٹیٹ) بیٹریز تیار کر رہی ہے جو روایتی لیتھیم آئن بیٹریز سے مختلف ہیں۔سالڈ سٹیٹ بیٹریز مائع الیکٹرولائٹس کا استعمال نہیں کرتیں، جس سے یہ زیادہ محفوظ، تیزی سے چارج ہونے والی، اور زیادہ توانائی رکھنے والی ہوتی ہیں۔ یہ خصوصیات الیکٹرک گاڑیوں کے بڑے مسائل جیسے “رینج اینگزائٹی” اور طویل چارجنگ وقت کو حل کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
بل گیٹس اور ووکس ویگن جیسے سرمایہ کاروں کی حمایت سے کوانٹم سکیپ مستقبل کی نقل و حمل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ جگدیپ سنگھ کی قیادت میں کمپنی نے بیٹری ٹیکنالوجی میں اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ 16 فروری 2024 کو جگدیپ سنگھ نے کوانٹم سکیپ کے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دیا اور کمپنی کی قیادت سیوا سیوارام کے سپرد کی، جو ستمبر 2023 میں صدر کی حیثیت سے کمپنی میں شامل ہوئے تھے۔ جگدیپ سنگھ اب بھی بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور اپنے لنکڈ اِن پروفائل کے مطابق ایک خفیہ (اسٹیلتھ) اسٹارٹ اپ کے سی ای او بھی ہیں۔