کراچی (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹلیٹی اسٹورز کے ذریعے کھانے پینے کی اشیا پر رعایت کی سہولت ’’رمضان پیکیج‘‘ کا آغاز ہوگیا تاہم کراچی میں رمضان پیکیج کے آغاز پر بیشتر اسٹورز سے آٹا غائب رہا جس پر بازار کے مقابلے میں50فیصد سے زیادہ سبسڈی دی جارہی ہے، سستے آٹے کے حصول کے لیے یوٹلیٹی سٹورز کا رخ کرنے والے شہریوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، جن اشیاپر سبسڈی دی جارہی ہے ان میں آٹے کے علاوہ گھی تیل، چینی، دالیں، سفید چنا، چاول، بیسن کھجور، ڈبہ بند دودھ اور مشروبات شامل ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت کی سبسڈی کے تحت 10کلو آٹے کا تھیلا648روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جس کی عام بازاروں میں قیمت 1420 روپے ہے جبکہ چینی 150کے بجائے 190روپے کلو، گھی تیل بازار سے25روپے کم، چنا اور دالیں 25 روپے رعایت کے ساتھ کھجور 50 روپے کلو چاول 25 روپے رعایتی قیمت پر چائے 800گرام 100 روپے کم قیمت جبکہ ٹیٹرا پیک دودھ 30روپے کم قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے۔
بینظیر انکم سپورٹ فنڈ میں رجسٹرڈ افراد ایک ماہ میں زیادہ سے زیادہ 20کلو آٹا،5کلو چینی،5کلو گھی 3 کلو چاول دالیں اور5لیٹر کوکنگ آئل خرید سکیں گے۔