اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )روس کی جانب سے پاکستان او ر بھارت کو پائپ لائن کے ذریعے ایل این جی فراہم کرنے کی پیشکش کے دوران اسلام آباداپنی توانائی کی ضرورتیں پوری کرنے کےلئے اربوں ڈالر کی ڈیل کے مختلف آپشنز پرغور کر رہا ہے لیکن یہ ڈیل صرف اسی وقت ممکن ہو سکے گی جب پاکستان امریکی پابندیوں سے بچ نکلنے کا کوئی حل تلاش کر سکے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد روسی منصوبے کو بغیر امریکا کو ناراض کئے مکمل کرنا چاہتا ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر الگ سے حال ہی میں ملاقات کی اور کہا کہ وہ ایران کے راستے پاکستان کو ایل این جی پہنچانے کےلئے گیس پائپ لائن کی تعمیر کے لئے تیار ہیں جسے بعد میں بھارت سے منسلک کر دیا جائےگا۔اب مختلف وزارتیں اس حوالے سے اپنا داخلی ابتدائی کام کر رہی ہیں اور وزیرپٹرولیم مصدق ملک کو اس سلسلے میں مطالعاتی کام سونپا گیا ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے روس اور ایران پر لگائی جانے والی پابندیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کسی قابل عمل آپشن کے ساتھ آئیں۔ایک اعلیٰ ذریعے نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ پاکسان اور روس کی باہمی تجارت محض 800 سے 900 ملین ڈالر سالانہ ہے اور آنے والے برسوں میں اسے اس کے حقیقی پوٹینشل تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔پاکستان کی تمام متعلقہ وزارتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ علاقائی اور بین الاقوامی حقائق کو ذہن میں رکھتے ہوئے تجارت کو 20 سے 25 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانے کے لئے کوئی قابل عمل حل تلاش کریں۔ فی الوقت یہ ایک دور کی خواہش لگتی ہے لیکن آنے والے برسوں میں اس کے بھاری بھرکم امکانات استعمال ہوبھی سکتے ہیں۔
روس یوکرین جنگ کے بعد روس کی یورپی ممالک سے تجارت 70 فیصد گرگئی ہے اور ماسکو جنوبی ایشیا سمیت نئی منڈیوں کی تلاش میں ہے۔
روسی صدر پیوٹن نے وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کی جس کے بعد پاکستان روس اور ایران سے ایل این جی کی درا?مد کی پیشکش پر بہت کام کر رہا ہے اور اس حوالے سے مختلف روٹس زیر غور ہیں۔