(24نیوز)جائیں تو جائیں کہاں؟ملک کے مختلف شہروں میں مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
پشاور میں برائلر مرغی کی قیمت میں مزید 25 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے، فی کلو زندہ مرغی کی قیمت 485 سے بڑھ کر 510 روپے ہو گئی ہے،کراچی میں مرغی کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوگیا ہے، دکانداروں نے گزشتہ روز کے سرکاری نرخ 635 کو نظرانداز کرتے ہوئے من مانے نرخ وصول کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
شہر قائد میں مرغی کا گوشت 700 سے 740 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، اس طرح ایک ہفتے کے دوران مرغی کی قیمت میں 100 روپے کلو کا اضافہ ہو گیا ہے، انڈوں کی سرکاری قیمت 300 روپے مقرر ہے لیکن فی درجن انڈے 380 روپے میں فروخت کئے جا رہے ہیں،زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 410 روپے مقرر ہے لیکن ہول سیل میں زندہ مرغی 480 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں نمایاں کمی
لاہور میں زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 397 مقرر کیا گیا ہے، سرکاری نرخنامے میں پرچون ریٹ 411 روپے کلو ہے جبکہ برائلر گوشت کی قیمت 595 کی سطح پر برقرار ہے، انڈوں کی فی درجن قیمت 329 روپے پر مستحکم ہے، منافع خور سرکاری نرخوں کو نظرانداز کرکے من مانے ریٹ وصول کررہے ہیں۔
ملتان میں برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 398، زندہ برائلر کا پرچون ریٹ 412، برائلر گوشت کی فی کلو قیمت 595 روپے ہے جبکہ انڈوں کی فی درجن قیمت 317 روپے ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں مرغی کا گوشت 730 روپے میں فروخت ہوتا رہا۔ اس طرح ملک کے دیگر شہروں میں مرغی کی قیمتوں میں فرق موجود ہے۔