(اشرف خان) انٹر بینک میں ڈالر مستحکم جبکہ اوپن مارکیٹ میں مہنگا ہو گیا، روپے کی قدر میں استحکام آتے ہی سٹاک مارکیٹ میں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کا مثبت اختتام ہوا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک میں روپے کی قدر میں استحکام رہا، روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر جوں کی توں ہے، انٹربینک میں امریکی ڈالر 279.36 روپے پر ہی برقرار ہے۔
ادھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 282 روپے سے تجاوز کرگیا، ڈالر 23 پیسے مہنگا ہوکر 282.16 روپے کا ہو گیا جبکہ یورو 34 پیسے مہنگا ہوکر 303.09 روپے، برطانوی پاونڈ 92 پیسے مہنگا ہوکر 354.73 روپے، امارتی درہم 1پیسے اضافے سے 76.81 روپے اور سعودی ریال 1 پیسہ کم ہو کر 74.94 روپے کا ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگی گیس اور تیل سے پریشان افراد کیلئے خوشخبری،نئے ذخائر دریافت
دوسری جانب روپے کی قدر میں استحکام آتے ہی سٹاک مارکیٹ میں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کا مثبت اختتام ہوا، 100 انڈیکس 586 پوانٹس کے اضافے سے بند ہوا، 100 انڈیکس 60 ہزار 459 کی سطح پر بند ہوا، کاروبار کے دوران 9 ارب روپے مالیت کے 26 کروڑ 17 لاکھ شئیرز کا کاروبار ہوا۔