ہوم Pakistan بہادر سپوتوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے قربانی دینے سے کبھی...

بہادر سپوتوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا: صدر مملکت

0


صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں گزشتہ روز شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے بہادر سپوتوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میر علی میں شہید ہونے والے 2 شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

صدر آصف زرداری اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی، ان کے علاوہ شہدا کی نماز جنازہ میں وزیر خارجہ، وزیر داخلہ بھی شریک ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، اعلیٰ حاضر سروس فوجی و سول افسران و دیگر نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ایمان، اتحاد، نظم وضبط کےنظریات کو مسلسل برقرار رکھا ہےاور انہوں نے ہمیشہ ان پائیدار اصولوں کی روشنی میں دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی ہے، پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پیشہ وارانہ معیار ہمیشہ برقرار رکھا ہے۔

صدر آصف زرداری نے مزید کہا کہ پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر جوانوں کے غیر متزلزل عزم کی زندہ مثال ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف شہید اور کیپٹن محمد احمد شہید کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی، 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید تلہ گنگ کے رہائشی تھے جبکہ 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی کے رہائشی تھے، دونوں افسران مادر وطن کو دہشتگردی سے محفوظ رکھتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 2 افسران اور 5 جوان شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں 6 دہشت گردوں پر مشتمل گروہ نے پاک فوج کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی تو دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی، اس کے بعد متعدد خودکش بم حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا اور دہشتگرد حملے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوگئے۔

شہدا میں حوالدار صابر (ضلع خیبر کے رہائشی)، نائیک خورشید (ضلع لکی مروت کے رہائشی)، سپاہی ناصر (ضلع پشاور کے رہائشی)، سپاہی راجا (ضلع کوہاٹ کے رہائشی) اور سپاہی سجاد (ضلع ایبٹ آباد کے رہائشی) شامل ہیں۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں فوجی دستوں نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی (عمر 39 سال، رہائشی کراچی) اور کیپٹن محمد احمد بدر (عمر 23 سال، ضلع تلہ گنگ) نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرلیا۔




Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version