لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے شعور، تیاری اور مؤثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت عوام کے تحفظ کے لیے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہنگامی حالات کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ائیر ایمبولینس اور موٹر وے ایمبولینس سروس کا آغاز کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں کے کنٹرول رومز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔ آفات کے خطرات سے پیشتر مؤثراقدامات کرکے عوام کو محفوظ بنانا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ بہترین ڈیزاسٹر مینجمنٹ کیلئے کمیونٹی کی شراکت داری اور آگاہی مہم کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ قدرتی آفات کے خطرات کم کر کے آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور مستحکم مستقبل دینا چاہتے ہیں۔