اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی سعودی خاتون کو کراچی سے بازیاب کروا لیا گیا ہے، جبکہ مقدمے میں نامزد ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیل کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایف 8 سے ایک سعودی خاتون کو مبینہ طور پر اغوا کیا تھا، جس کا مقدمہ اسلام آباد میں تعینات سعودی سفارتی عملے کے ایک رُکن بدر الحریبی کی مدعیت میں 18 اپریل کو تھانہ مارگلہ میں درج کروایا گیا۔ جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس مبینہ اغوا میں پاکستانی شہری ملوث ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق ایف آئی آر کے اندراج کے بعد خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور منگل کی رات موبائل فونز کی لوکیشنز کی بنیاد پر سعودی خاتون اور ان کے مبینہ اغوا کار کو کراچی سے حراست میں لیا گیا جو کہ ایک پاکستانی شہری ہے۔ بی بی سی کے مطابق تفتیشی ٹیم میں شامل اسلام آباد پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مقدمے کی تفتیش کے دوران ملزم اور سعودی خاتون کے زیر استعمال موبائل فونز کی لوکیشنز ٹریس کی گئیں جو ہر چند گھنٹوں بعد تبدیل ہو رہی تھیں لیکن گزشتہ دو روز کے دوران موبائل فون پر سعودی خاتون اور مبینہ اغوا کار کی لوکیشن صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ اور پھر کراچی آرہی تھیں۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ایک خصوصی ٹیم کو سندھ بھیجا گیا جہاں ان دونوں افراد کو ٹریس کر لیا گیا۔
مذکورہ پولیس اہلکار نے بتایا کہ خاتون اور ملزم کراچی میں ایک گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرے ہوئے تھے، اس مقدمے کی تفتیشی ٹیم کے سربراہ ایس پی، سی آئی اے رخسار مہدی نے بتایا کہ دونوں افراد کو منگل کی شام کراچی سے حراست میں لیا گیا اور وہاں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں اسلام آباد پہنچا دیا جائے گا۔