اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے محسن نقوی کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی کیخلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق محسن نقوی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تعیناتی کیخلاف درخواست قابل سماعت قرار دے دی گئی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے محسن نقوی اور وزیراعظم کو بذریعہ سیکرٹری نوٹس جاری کردیئے،
قبل ازیں دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ کیوں کہہ رہے ہیں کہ تعیناتی غلط ہوئی ہے؟ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ آئین کے مطابق منتخب اور نگران وزیراعظم میں فرق ہے، نگران وزیراعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کا پیٹرن نہیں ہو سکتا، چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی کا اختیار بطور پیٹرن وزیراعظم کے پاس ہے،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ تو آپ کہہ رہے ہیں کہ نگران وزیراعظم کے پاس یہ اختیار نہیں تھا۔
آرڈر لکھواتے درخواست گزار کے وکیل کے بولنے پر چیف جسٹس عامر فاروق برہم ہو گئے ، چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ آپ آرڈر لکھوانے کے دوران بول رہے ہیں تو میں نہیں لکھواتا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ میرے آرڈر کا انتظار کریں،چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔