انوارالحق کاکڑ نے سعودی عرب کی بڑی کمپنی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت …
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سعودی عرب کے الجومیہ گروپ کو پاکستان میں متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق الجومیہ گروپ، جس نے کراچی الیکٹرک میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رکھی ہے، کے سربراہ کی قیادت میں ایک وفد نے نگران وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ملاقات میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں ۔ ہم پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔بالخصوص توانائی کے شعبے میں سعودی سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ متبادل توانائی سے صارفین کے لیے بجلی کی قیمتیں کم کرنے میں مدد ملے گی۔
دوران ملاقات نگران وزیراعظم نے الجومیہ گروپ کو پاکستان میں متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وفد نے کراچی الیکٹرک کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے نگران وزیراعظم کو 1500میگا واٹ کے نئے سرمایہ کاری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔