لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)اولڈ ایسوسی ایٹس آف کنیرڈ سوسائٹی (اوکس) کے زیر اہتمام کنیرڈ کالج فار وومن، لاہور میں”ایمپاور ہر فیسٹیول” (Empower Her Festival)کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر 50 سے زائد اوکس نے اسٹالز لگائے تھے اور اپنے اپنے کاروبار کی تشہیر کی۔
یو ایس کونسل جنرل مس کرسٹن کے ہاکنس نے فیسٹیول میں خصوصی طور پر شرکت کی، انہوں نے اس موقع پر وہاں موجود خواتین کی کاروباری صلاحیتوں اور ان کی بنائی اشیا کو سراہنے کے ساتھ ہی ساتھ خواتین کے اہم مسائل پر گفتگو بھی کی۔اس فیسٹیول کا مقصد کنیرڈ کالج سے فارغ التحصیل ان خواتین کی جدوجہد اور کاروبار کو سامنے لانا تھا جو اقتصادی دوڑ میں اہم کر دار ادا کر رہی ہیں، کاروبار کر رہی ہیں اور معاشی طور پر مستحکم ہیں۔ان میں سے بیشتر خواتین تو کامیابی سے اپنا کام کر رہی ہیں جبکہ بعض ابھی اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہی ہیں۔فیسٹیول میں کھانے پینے کے سٹال بھی لگائے گئے تھے۔ یہ فیسٹیول خواتین کے عالمی دن پر منعقد کیا گیا جو کہ اقوام متحدہ کے اس سال کے تھیم کی عکاسی کرتا تھا۔
فیسٹیول کا خصوصی ڈرامہ ”بگ فیٹ لاہوری ویڈنگ“ شرکا کی توجہ کا مرکز بنا، جس میں آج کل کے شادی کلچر کی بہترین عکاسی کی گئی تھی۔ اس میں طنز و مزاح کے ذریعے انتہائی حساس مسئلے کو دلچسپ طریقے سے پیش کیا گیا۔اس ڈرامے میں اداکاری کے جوہر بھی کنیڑڈ کالج کی سابقہ طالبات ہی نے دکھائے۔اس فیسٹیول کو منعقد کرنے کے لئے اوکس ایگنیکٹو کمیٹی نے دن رات محنت کی، کنیرڈ کی تاریخ میں پہلی دفعہ اس طرح کا میلہ سجایا گیا تھا جس کا سہرا اوکس ایگزیکٹو کمیٹی کے سر ہے۔اس موقع پر اوکس کی صدر آمنہ عمر کا کہنا تھا کہ اس فیسٹیول کا مقصد خواتین کی معاشی خود انحصاری کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کی تخلیقی اور قائدانہ صلاحیتوں کو سراہنا تھا، اس فیسٹیول کی اہم بات یہ تھی کہ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی خواتین نے اس میں حصہ لیا اور ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔“