لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) جناح ہاوس حملہ اور جلاو گھیراوکے کیسز سے متعلق ریکارڈ پیش نہ کرنے پر عدالت نے پراسیکیوشن کی سرزنش کر دی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاوس حملہ اور جلاو گھیراوکیس میں نامزد ملزمان سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ عائشہ علی بھٹہ اور احمر رشید بھٹی سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، عائشہ علی بھٹہ کی جانب سے رانا انتظار ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
عدالت نے ریکارڈ پیش نہ ہونے پر پراسیکیوشن کی سرزنش کی، فاضل جج نے ریمارکس میں کہا کہ دو دن دے رہا ہوں اگر ریکارڈ پیش نہ کیا تو ضمانتوں پر فیصلہ کر دوں گا۔
بعدازاں عدالت نے جناح ہاوس حملہ اور جلاو گھیراو کے کیسز میں نامزد ملزمان عائشہ بھٹہ اور احمر رشید بھٹی سمیت دیگر کی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی۔