راولپنڈی(آئی این پی ) راولپنڈی کے تھانہ نیو ٹاون کی پولیس نے ڈی بلاک سٹلائیٹ ٹان سے چوری کی جانے والی صوبائی وزیر تعلیم گلگت بلستان غلام شہزاد آغا کی سرکاری ڈبل کیبن گاڑی برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا. ملزمان کار چوروں کے منظم گروہ سے تعلق رکھتے ہیں جن کے قبضے سے چھ دیگر گاڑیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم گلگت بلستان غلام شہزاد آغا کی سرکاری ڈبل کیبن ویگو گاڑی مارچ 2024 میں ڈی بلاک سٹلائیٹ ٹان میں انکی رہائش گاہ کے باہر سے چوری ہوئی تھی جس کا مقدمہ صوبائی وزیر کی اپنی مدعیت میں تھانہ نیوٹاون میں درج کیاگیا۔ پولیس ٹیم نے کلوز سرکٹ کیمروں سے بنی سی سی ٹی وی فوٹیج اور ہیومن انٹلیجنس کے ذریعے واردات کا سراغ لگا کر کار چوروں کے سرگرم بین الاضلاعی گروہ کا سراغ لگایا اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں لنڈی کوتل ،خارسدہ اور پشاور سمیت راولپنڈی میں چھاپے مارکر گروہ کے اراکین یاسر اور طارق وغیرہ کو گرفتار کرکے صوبائی وزیر تعلیم گلگت بلستان کی چوری شدہ سرکاری گاڑی سمیت دیگر چھ گاڑیاں برآمد کرلیں۔
ملزمان صوبائی وزیر کی گاڑی کو راولپنڈی سے نکال کر لنڈی کوتل منتقل کرنا چاہتے تھے کہ دھر لیے گیے ۔ ملزمان ڈبل کیبن گاڑیاں چوری کرنے کے بعد لنڈی کوتل اور چارسدہ میں 7 سے 8 لاکھ روپے میں اور مہران کاریں دو سے اڑھائی لاکھ روپے میں ڈیلیور کرتے تھے۔