لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن اور وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امن وامان کی صورتحال اور عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مجموعی انتظامات کےبارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں لاہور سمیت پنجاب بھر کے امن و امان اور عید میلاد النبیﷺ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین کابینہ کمیٹی و وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بھرپور سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ صوبہ بھر میں امن کمیٹیوں کی مشاورت کیساتھ انتظامات مکمل کیے گئے اور تمام مرکزی جلوسوں کے روٹس اور محافل میلاد کیلئے بہترین سیکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔ حکومت پنجاب تمام اضلاع میں عید میلادﷺ کے جلوس کے شرکاء کو مشروب اور مٹھائی پیش کرے گی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی مکمل عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔عید میلادﷺ کے پرامن انعقاد کیلئے کسی نئی انوویشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، کمشنر لاہور، آر پی او شیخوپورہ، ڈی سی لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز نے بھی شرکت کی جبکہ لاہور اور گوجرانولہ ڈویژن کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔