ہوم Pakistan ملکی ترقی اہمخیبرپختونخوا کا گورنر ہاؤس کسی سازش کاحصہ نہیں ہوگا :...

ملکی ترقی اہمخیبرپختونخوا کا گورنر ہاؤس کسی سازش کاحصہ نہیں ہوگا : فیصل کریم کنڈی

0



(24نیوز) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا گورنر ہاؤس کسی سازش کاحصہ نہیں ہوگا، خیبرپختونخوا کو ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے ، مرکز اور صوبوں کے درمیان پل کا کردار اداکروں گا ۔

مزار اقبال لاہور پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی  کا کہنا  تھا کہ ملک اور صوبے کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں گے، وزیراعظم سے ملاقات میں صوبے کے مسائل پر گفتگو کی، وفاق کے نمائندے کی حیثیت سے صوبے کا مقدمہ لڑنا میری ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایس آئی ایف سی اجلاس میں دلائل کے ساتھ بات کی، وزیراعلیٰ کے پی ایسی زبان استعمال کرتے تھے جس سے مسائل کا حل نہیں نکلتا تھا، مسائل کا حل بیان بازی سے نہیں بیٹھ کر بات چیت سے نکلے گا۔

 گورنرخیبرپختونخوا کاکہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ متعلقہ فورم پر گئے، مستقبل میں بھی ایسا رویہ رہا تو وفاق کیساتھ مسائل حل ہوں گے، کوئی کسی کو کسی جگہ جانےسے نہیں روک سکتا، بلاول بھٹو خیبرپختونخوا آئیں گے، گورنر ہاؤس میں قیام کریں گے،فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تمام جماعتوں کے لیڈر کو دعوت دیتا ہوں ہمارے پاس آئیں، ان کی کوئی مجبوری ہے نہیں آسکتے تو میں خود ان کے پاس جاسکتا ہوں، لفظی جنگ ہوئی جب مجھے احساس ہوا تو میں نے اپنے الفاظ واپس لےلئے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے، اگر پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر آنا چاہتی ہے تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا، اگر پی ٹی آئی جمہوری قوتوں کیساتھ بات چیت کرنا چاہتی ہے تو ہم تیار ہیں، وہ چاہتے ہیں جیسے ماضی میں کندھوں پر بیٹھ کر آئے اب بھی ویسے آئیں، سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کیساتھ بیٹھنا چاہیے۔

گورنرخیبرپختونخوا نے کہاکہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو سب سے پہلے سزا ملنی چاہیے، 9 مئی جیسا واقعہ کوئی دشمن بھی نہیں کرسکتا، غلطیاں کرنے کے بعد صفائیاں دے رہے ہیں لیکن ٹویٹ ڈیلیٹ نہیں کیا، ٹویٹ کی ذمہ داری بھی نہیں لے رہے، ڈیلیٹ بھی نہیں کررہے، یہ چوری بھی کرتے ہیں اور سینہ زوری بھی ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے، آج 4 روپے کمی ہوئی، آئندہ 15 روپے کمی بھی ہوگی ، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 25 فیصد بڑھنی چاہئیں، غریب عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملنا چاہیے۔

واضح رہے کہ گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی لاہور کے دورہ پر ہیں ، دورہ لاہور کے دوران انہوں نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ، اس سے قبل گورنر نے حضرت داتا گنج بخش کے دربار پر بھی حاضری دی،ملک میں امن و امان، سلامتی و خوشحالی کی دعا  کی۔
 





Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version