(24 نیوز) سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے بحرین کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیکورٹی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے اعلٰی سول اور فوجی قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف کی مملکت بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے تفصیلی ملاقات بھی ہوئی ہے جس میں باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ ملاقات میں دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیول چیف کی مملکت بحرین کے ولی عہد، وزیراعظم اور ڈپٹی سپریم کمانڈر بحرین ڈیفینس فورسز؛ سلطان بن حماد الخلیفہ، سے الگ ملاقات کے دوران باہمی دفاعی تعلقات پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔مزید برآں؛ کمانڈر بحرین ڈیفنس فورسز؛ فیلڈ مارشل شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ، کمانڈر بحرین نیشنل گارڑ؛ جنرل شیخ محمد بن عیسی بن سلمان اور کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم البن علی سے بھی تفصیلی ملاقاتیں ہوئیں۔
نیول چیف نے رائل بحرین ڈیفینس فورس کے جنگی جہاز منامہ اور رائل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا بھی دورہ کیا اور افسران کو خطے کی سیکورٹی صورتحال پر لیکچربھی دیا۔نیول چیف کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ اور وسعت دے گا۔