ہوم Pakistan وزیر اعلیٰ مریم نواز کاپھول نگرکا دورہ آر ایچ سی کا افتتاح...

وزیر اعلیٰ مریم نواز کاپھول نگرکا دورہ آر ایچ سی کا افتتاح ٹیکنیکل کالج اور 400ارب کےکسان پیکیج کا اعلان کر دیا

0



لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے پھول نگر رورل ہیلتھ سنٹر ری ویمپنگ پراجیکٹ کا افتتاح کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ  کو مراکز صحت کی ری ویمپنگ پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پھولنگر رورل ہیلتھ سنٹر میں ماہانہ تقریباً 10ہزار مریض علاج کی سہولت حاصل کرتے ہیں اور رورل ہیلتھ سنٹر کو بتدریج سولر انرجی پر منتقل کیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ  نے افتتاح کے بعد رورل ہیلتھ سنٹر کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نے استقبالیہ کاؤنٹر پر ہیلتھ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے تحت پرچی کے اجرا کے عمل کا مشاہدہ کیا۔وزیر اعلیٰ  نے فارمیسی، ڈاکٹر آفس، ایمرجنسی وارڈ،ڈینٹل روم،لیبارٹری، میڈیسن سٹوراور ایکسرے روم کا بھی دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے وویمن میڈیکل آفیسر، فی میل وارڈ،نرسری اورآپریشن تھیٹر کا بھی جائزہ لیا۔ویل وویمن وارڈ،نرسنگ سٹیشن،ای پی آئی اور سکریننگ روم کا معائنہ کی، ڈاکٹروں اور عملے سے بات چیت کی۔

وزیر اعلی مریم نواز نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنڈال میں مجھے بہت سارے نوجوان بچیاں اور خواتین نظر آرہی ہیں۔مجھے خوشی ہے کہ پھول نگر جیسی جگہ پر اتنی بڑی تعداد میں یہ بچیاں آئی ہیں۔300 رورل ہیلتھ سنٹرز اور 2500 بیسک ہیلتھ یونٹس میں جدید سہولیات لا رہے ہیں۔ میری حکومت کو ابھی 2 ماہ ہوئے ہیں،2مہینے میں تو لوگ ابھی وعدے کر رہے ہوتے ہیں۔ گواہ رہنا 2مہینے کے اندر مریم نواز نے آپ کے لئے نیا ہسپتال کھڑا کر دیا۔انشاء اللہ آئندہ چند ماہ میں پنجاب کے تمام ہسپتالوں کو تبدیل کر کے رکھ دیں گے۔ جہاں پر ڈاکٹرز کی کمی ہے،وہاں ڈاکٹرز کو بھیج رہے ہیں،جہاں پر نرسز کی کمی ہے وہاں پر نرسز کو بھیج رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں دل کے امراض کی سہولیات مہیا کررہے ہیں۔  کنٹینرز میں فیلڈ ہاسپٹل بنا کر پنجاب کے تمام شہروں میں بھیج دیئے ہیں۔ کنٹینر میں پورا ہاسپٹل بنایا گیا ہے،جو آپ کی گھر کی دہلیز پر چل کر آئے گا اور علاج کرے گا۔200 کلینک آن ویلز آپ کی دہلیز پر آپ کا علاج کرے گا۔کل صرف ایک دن میں 30 ہزار لوگوں کا کلینک آن ویلز میں علاج ہوا۔

وزیر اعلیٰ مریم  نے کہا کہ روٹی کی قیمت20 روپے سے کم ہوکر 15 روپے پر آگئی ہے۔ اللہ کا فضل دیکھو 2 مہینے کے اندر روٹی کی قیمت کتنی نیچے آگئی ہے۔ گندم کی خریداری میں کرپشن کے انبار لگ جاتے تھے، میں نے وہ راستہ بند کر دیا۔ صوبے میں کوئی گندم کا بحران نہیں ہے۔ کرپشن میں لتھڑے لوگوں کا پیٹ بھرنے کی بجائے اور میرے لئے13 کروڑ عوام کی روٹی سستی کرناضروری ہے۔ 4ماہ میں کسان کے لیے 400 ارب روپے کا پیکیج لارہے ہیں۔ آئندہ فصل پر کسان خوشحال ہوجائے گا۔ ایک فصل کی کاشت کے لیے کسان کو ڈیڑھ لاکھ روپے دیں گے۔ کسان کو آڑھتی اور مڈل مین کے ہاتھوں ذلیل و خوار نہیں ہونے دیں گے۔ کسان ڈیڑھ لاکھ روپے سے کھاد، بیچ اور زرعی ادویات خرید سکے گا۔ کسان کومہنگے سود پر قرضہ نہیں لینا پڑے گا۔ جو پیکیج ہم لارہے ہیں، پنجاب کی تاریخ میں اتنا بڑا کسان پیکیج نہیں آیا۔ کسان کو آسان شرائط پر جدید زرعی مشینری دی جائے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صبح 7ے رات 12 بجے تک صحت اور تعلیم کے منصوبوں کے لئے کام کرتی ہوں۔  پھول نگر میں  اڑھائی ارب روپے کی لاگت سے سڑک تعمیر کی جارہی ہے اور ٹیکنیکل کالج بھی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چاہتی ہوں غریب کا بچہ بھی اسی طرح پڑھے جس طرح امیر کا بچہ پڑھتا ہے۔ غریب کو بھی وہی علاج کی سہولیات ملیں جو ایک امیر کو پرائیویٹ ہسپتال میں ملتی ہیں۔پنجاب کی 590 سڑکوں کو ٹھیک کرنے کا پروگرام شروع کر دیا ہے۔ ان شاء ا للہ پنجاب کی کوئی سڑک 5 سال بعد ٹوٹی نہیں ہوگی۔ پنجاب کا کوئی ایسا ہسپتال نہیں ہوگا جہاں مفت علاج نہیں ہو رہا ہو۔ہیپاٹائٹس، دل کے امراض اور ٹی بی کی مفت دوائیوں کا دو مہینے کا سٹاک لوگوں کے گھروں میں پہنچا رہے ہیں۔صحت اور تعلیم کے شعبے میں جتنا وقت میرا گزرتا ہے کسی اور شعبے پر نہیں گزرتا۔ نواز شریف کی ایک ہی ہدایت ہوتی ہے کہ لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کروں اور غریب کی خدمت کرو ں۔ ایم پی ایز اور ایم این ایزسے کہتی ہوں پولیس والوں کی سفارشیں کرنا چھوڑ دیں۔جب سیاسی بنیادوں پر پولیس کی پوسٹنگ ہوگی تو پولیس پرفارم نہیں کر سکتی۔ اپنے ذاتی مفاد سے زیادہ مجھے پنجاب کے 13 کروڑ عوام کا مفاد عزیز ہے۔عوام کے مفاد اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے جو میرے سے ہو سکا کروں گی۔ نوجوانوں کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن پروگرام شروع کردیاہے۔ جب بھی نواز شریف کی حکومت آتی ہے خدمت اور ترقی کا سفر شروع ہوتا ہے۔ہر دفعہ کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر، سازش کر کے اورو جھوٹا الزام لگا کر نواز شریف کی حکومت کو ختم کر دیا جاتا ہے۔ یہ نواز شریف کی حکومت ختم نہیں ہوتی بلکہ پاکستان کی ترقی کا سفر ختم ہو جاتا ہے۔نواز شریف کی چوتھی حکومت میں جو ترقی کا سفر شروع ہوا اسے کبھی رکنے نہ دینا۔ وفاق میں شہباز شریف کی حکومت اور پنجاب میں نواز شریف کی حکومت اگر 5سال پورے کر گئی تو پاکستان مکمل تبدیل ملک ہوگا۔ یہاں پر ایک ایسے انسان کی حکومت تھی جو کہتا تھا میں 
آلو،پیاز کی قیمتیں کم کرنے نہیں آیا۔بطور وزیراعلیٰ عوام کی روٹی، پیاز،سبزی میری ذمہ داری ہے۔جب میری حکومت آئی تو پیاز 300 روپے کلوتھا، آج 100 روپے سے کم پر فروخت ہو رہا ہے۔نواز شریف صاحب کا عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر آگے بڑھ رہی ہوں۔

 اس موقع پرسینیٹرپرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نزیر، صہیب احمد بھرتھ، رانا سکندر حیات،ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، سیکرٹریزاور دیگر موجود تھے۔ 





Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version