وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اے پی ایم ٹرمینلز کے سی ای او کیتھ سوینڈسن نے ملاقات کی، ڈنمارک کے سفیر جیکب لینلف بھی اے پی ایم ٹرمینلز کے سی ای او کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقتصادی تعلقات مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور نمائندوں کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اصلاحاتی اقدامات سے کاروباری اعتماد میں بہتری آئے گی اور سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکے گا۔
وزیر خزانہ نے کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ اے پی ایم کے ساتھ مستقبل کےمنصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے خواہشمند ہیں۔
اس موقع پر اے پی ایم ٹرمینلز کے سی ای او کیتھ سوینڈسن کا کہنا تھا کہ اے پی ایم ٹرمینلز تجارت کو سپورٹ کرنے کیلئے سرمایہ کاری اور آپریشنز بڑھانے کیلئے پُرعزم ہے۔
ملاقات میں کسٹم کے قواعد و ضوابط میں بہتری کی ضرورت کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔