اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان ، چین اور امریکہ دونوں بلاکس میں سے کس کا انتخاب کرے گا ۔۔۔؟ اس حوالے سے سینئر صحافی و تجزیہ کار محمد صالح ظافر نے اپنی خصوصی رپورٹ میں لکھاہے کہ پاکستان، چین اور امریکہ دونوں بلاکس کے ساتھ مراسم برقرار رکھے گا ۔ایک تزویراتی اور دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ چین نے آئی ایم ایف پروگرام کی افادیت کو تسلیم کر لیا ہے،وہ بورڈ اجلاس میں پاکستان کے پروگرام کی حمایت کرے گا ۔
“جنگ ” میں شائع ہونیوالی رپورٹ میں صالح ظافر نے لکھا کہ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگ زیب تھکا دینے والے سفر سے علی الصبح وطن واپس پہنچے تھے،سہ پہر کوپریس کانفرنس میں تروتازہ تھے،وہ مقررہ وقت سے 15 منٹ پہلے پہنچ گئے اور صحافیوں کا وزیر نے استقبال کیا جو خوشگوار حیرت میں ڈوب گئے۔”میں نجی شعبے سے آیا ہوں- جہاں کے معمولات مختلف ہیں” ۔تحریک انصاف حکومت میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین نے حکومتی اخراجات کم کرنے، وفاقی وزارتوں میں تخفیف کے لئے زبردست سفارشات مرتب کیں، وزیراعظم نے روک لیں تھیں ۔کل کراچی جاکر تاجروں، کاروباری افراد اور صنعتکاروں کا اقتصادی اصلاحات میں تعاون پر شکریہ ادا کروں گا،ان سے معیشت کے حوالے تفصیلی مذاکرات ہونگے ۔حکومت سنجیدگی سے اپنے اخراجات کم کرنے جا رہی ہے۔چین کے ساتھ تعلقات دوستانہ اور برادرانہ ہیں۔میں پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والوں میں شامل تھا۔سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات ہماری مدد کر رہے ہیں۔مختصر مدتی جذباتی فیصلوں سےمسائل حل نہیں ہونگے ۔ڈیجٹیلائزیشن سے 49 لاکھ نان فائلرز کا سراغ ملا ہے ان کی بودوباش کا پورا ریکارڈ مل گیا ہے۔ہمارے پاس مالیاتی گنجائش باقی نہیں رہی ۔وفاقی بجٹ کے بعد تیسری پریس کانفرنس، عوام کو مالیاتی امور پر لگا تار آگاہی دی جا تی رہے گی۔
صالح ظافر نے لکھا کہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگ زیب نے اپنے غیر معمولی دورہ چین سے واپسی کے بعد پریس کانفرنس میں واضح کردیا ہے کہ پاکستان چین اور امریکا، دونوں بلاکس سے اپنے تعلقات کو برقرار رکھے گا ،ہمیں دونوں کے ساتھ آگے چلنا ہے۔ چین، پاکستان کا تزویراتی شرکت دارہے ہم چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے پربھی بات کررہے ہیں جبکہ امریکہ ہمارا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے یورپی یونین کے ساتھ شراکت داری کی قدر کرتے ہیں چین نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی حمایت کی ہے اور پاکستان کے لیے اس کی افادیت کو تسلیم کیا ہے چین آئی ایم ایف بورڈ میں نئے پروگرام کے لیے پاکستان کی حمایت کرے گا۔ بجلی صارفین کو راحت دلانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے معنی خیز انداز میں یاد دلایا کہ میں نجی شعبے سے موجودہ خدمت کے لیے آیا ہوں سینیٹر اورنگزیب نے بتایا کہ میں پاکستان کے انفرادی طور پر سب سے زیادہ ٹیکس دینے والوں میں شامل ہوں میری آمدنی و اخراجات کے پورے اعداد وشمار کا ریکارڈ متعلقہ حکام کے پاس موجود ہے آج بھی بیرون ملک جانے سے قبل ہر کارروائی کو ذاتی طور پر خودجاکر انجام دیتا ہوں جس میں بائیو میٹرک کا انگوٹھا لگا کر زرمبادلہ حاصل کرنا بھی شامل ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے انکشاف کیا کہ ماہر اقتصادیات ڈاکٹر عشرت حسین نے وزیراعظم کے مشیر کی حیثیت سے تحریک انصاف حکومت کو سرکاری اخراجات میں تخفیف اور مختلف وزارتوں میں مالیاتی اصلاحات کے لئے شاندار رپورٹ اور سفارشات مرتب کرکے دی تھیں جن پر عمل نہیں ہوسکا بعد ازاں نجی طور پر انہوں نے مجھے بتابھی دیا تھا اس کا سبب کیا تھا میں اسے افشا نہیں کرنا چاہتا۔ ’’جنگ‘‘ نے بعد ازاں پتہ لگالیا کہ ڈاکٹر عشرت حسین کی سفارشات کو بطور وزیراعظم عمران نیازی کے دفتر نے عملدرآمد سے روک دیا تھا۔