ہوم Pakistan پاکستان کے بائیکاٹ کے بعد نیتن یاہو کے خطاب کے دوران ہال...

پاکستان کے بائیکاٹ کے بعد نیتن یاہو کے خطاب کے دوران ہال خالی تھا: عطاء تارڑ

0


وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ ــــ فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ ــــ فائل فوٹو 

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امتِ مسلمہ کی ترجمانی کی۔

عطاء تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جنرل اسمبلی میں تقریر کو بھرپور پزیرائی ملی، جنرل اسمبلی میں ان کے خطاب کو سب سے زیادہ دیکھا گیا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے اسرائیلی وزیرِ اعظم کے خطاب کا بائیکاٹ کیا، شہباز شریف کے واک آؤٹ کے بعد دیگر ممالک کے صدور نے بھی واک آؤٹ کیا، پاکستان کے بائیکاٹ کے بعد نیتن یاہو کے خطاب کے دوران ہال خالی تھا، مسئلہ فلسطین اور اسرائیلی جارحیت پر شہباز شریف نے بھرپور انداز میں آواز بلند کی اور عالمی دنیا سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کا احتساب ہونا چاہیے اور کشمیر کے کاز میں بھی نئی روح پھونکی گئی۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب پاکستان کے لیے اعزاز ہے، دیگر ممالک کے سربراہان کے ساتھ ملاقاتیں بھی بہت حوصلہ افزاء رہیں، وزیرِ اعظم امریکا کا کامیاب دورہ کرکے وطن واپس آئے۔

اُنہوں نے کہا کہ فلسطینی صدر محمود عباس نے پاکستان کی حمایت کو خوش آئند قرار دیا، امدادی سامان بھیجنے اور فلسطینی طالب علموں کو میڈیکل کالجز میں داخلے دینے کو سراہا۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جس کے پاسپورٹ پر لکھا ہے کہ یہ پاسپورٹ ماسوائے اسرائیل کے تمام ممالک کے لیے کارآمد ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے عالمی رہنماﺅں کی ملاقاتوں سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو تقویت ملی اور خارجہ پالیسی نے ثابت کیا کہ پاکستان خطے میں ایک اہم ملک ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگرعالمی مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی شرحِ نمو میں اضافے اور مہنگائی میں کمی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، پالیسی ریٹ کم ہونے سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی پاکستان کی معیشت میں بہتری کو سراہا، ترکیہ کی معیشت نے پچھلی کئی دہائیوں میں جس طرح ترقی کی، اس کی پوری مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آ گئی۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ پچھلے سال 32 فیصد سے اس سال 9.6 فیصد پر مہنگائی کا آنا بڑا کارنامہ ہے، مستقبل میں مہنگائی میں مزید کمی واقع ہو گی۔

اُنہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں مسلسل پانچویں مرتبہ کمی کی گئی ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام کو منتقل کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے، انقلاب لاناہے تو خیبر پختون خوا میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں انقلاب لائیں اور وہاں کے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانےکے لیے امن و امان کی صورتِ حال بہتر کریں۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ ملکی معیشت کی بہتری کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن امن و امان کو خراب کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی اور سرکاری وسائل کو استعمال کر کے وفاق پر لشکر کشی کسی صورت بھی قابلِ قبول نہیں۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی ملکی معیشت کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہے لیکن یہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے، پارلیمان کی بالادستی کے لیے اقدامات ضروری سمجھتے ہیں۔





Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version