پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن )کراکری کے کاروبار سے وابستہ تاجر ریاض کے قتل کے الزام میں پولیس نے امتیاز عرف موناگی نامی خواجہ سراکو گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ تاجر کے قتل کی ایف آئی آر مقتول کے بھائی کی مدعیت میں درج کی گئی جس میں امتیاز عرف موناگی نامی خواجہ سرا کو نامزد کیا گیا جس کے بعد پولیس نے ملزم خواجہ سرا کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق گزشتہ 10 سال کے دوران قتل کی واردات میں خواجہ سرا پر ایف آئی آر درج ہونے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔پولیس کا بتانا ہے کہ پشتخرہ میں کراکری کے گودام میں ریاض نامی شخص کے قتل کا واقعہ 30 اپریل کوپیش آیا تھا، خواجہ سرا اور مقتول کے مابین زبانی تلخ کلامی ہوئی تھی، واقعہ کے روز ملزم نے عمرگل روڈ پر واقع کراکری کے گودام میں مقتول پر فائرنگ کی تھی جس سے وہ زخمی ہوا جبکہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔