ہوم Pakistan پنجاب میں نمونیا سے بچوں کی اموات، کیسز کیوں بڑھ رہے ہیں؟

پنجاب میں نمونیا سے بچوں کی اموات، کیسز کیوں بڑھ رہے ہیں؟

0


پاکستان کے صوبہ پنجاب میں سردی کی وجہ سے نمونیا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمۂ صحت کے مطابق موسمِ سرما کے دوران اب تک نمونیا سے 200 سے زائد بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پنجاب میں نمونیہ کے کیسز ایسے وقت میں رپورٹ ہو رہے ہیں جب لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر صوبہ پنجاب میں رپورٹ ہونے 190 کیسز میں سے لاہور میں 75 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نمونیا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی بڑی وجہ رواں سال موسمِ سرما میں فضائی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی اسموگ بھی ہے۔

پنجاب میں متعددی بیماریوں کے کنٹرول کے ادارے ‘سی ڈی سی’ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ید اللہ کہتے ہیں کہ پاکستان میں ہر سال موسمِ سرما میں نمونیا کے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسموگ کی وجہ سے پنجاب کے دیگر کئی علاقوں کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور بھی متاثر ہوا ہے اور اسی وجہ سے نمونیا کے کیسز میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ڈاکٹر ید اللہ کہتے ہیں کہ صوبے میں نمونیا سے بچاؤ کے لیے بچوں کو ویکسین بھی لگائی جاتی ہے۔ لیکن وہ بچے جن کی قوتِ مدافعت ان کو سردی سے متاثر ہو کر نمونیا سے مبتلا ہونے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔ اُن کے بقول پانچ سال سے کم عمر کے بچوں میں نمونیا کے کیسز زیادہ رپورٹ ہوتے ہیں۔

ڈاکٹر ید اللہ کہتے ہیں کہ صوبہ پنجاب میں چھ سے سات ہزار بچے متاثر ہوئے ہیں اور ان میں زیادہ تر صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اُن کے بقول بچوں کو اسپتال پہنچے میں تاخیر کی وجہ سے ان کی اموات واقع ہوئی ہے۔

نمونیا کی علامات اور بچاؤ

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ نمونیا کی علامات میں تیز بخار، بلغم، کھانسی، تھکاوٹ اور سانس لینے میں دشواری اور اس کے ساتھ سینے میں درد ہونے بھی شامل ہے۔

ڈاکٹر یداللہ کہتے ہیں کہ اگر کسی بچے کو تیز بخار کے ساتھ کھانسی ہے، سانس لینے میں دشواری پیش آتی ہے اور اس کی چھاتی چلنا شروع ہو جائے تو ان کے بقول یہ نمونیا کی بڑی علامتیں ہیں۔

اُن کے بقول نمونیا سے پانچ سال سے کم عمر بچے اور وہ معمر افراد متاثر ہوئے ہیں جو شوگر، بلڈ پریشر اور دمے سے متاثر ہیں یا وہ لوگ جن کے پھیپھڑے کووڈ کے مرض میں مبتلا ہونے کی وجہ سے متاثر ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ بچوں اور معمر افراد کو سردی سے بچانا ضروری ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ماسک کا استعمال کریں اور ہاتھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ اس کے ساتھ بچوں کو نمونیا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانا بھی ضروری ہے۔



Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version