استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سینئر رہنما ہمایوں اختر نے کہا ہے کہ گروپ میں ریاض فتیانہ کی سربراہی میں بہت سی قومیں اور الیکٹڈ لوگ شامل ہوئے ہیں۔
فیصل آباد میں احسن ریاض فتیانہ کے ہمراہ تاندلیانوالہ میں پریس کانفرنس کے دوران ہمایوں اختر نے کہا کہ آج تاندلیانوالہ کے این اے 97 کے حلقے میں بہت بڑا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ گروپ میں ریاض فتیانہ کی سربراہی میں بہت قومیں اور الیکٹڈ لوگ شامل ہیں، ہماری بات چیت ہوئی ہے اور ہم تقریباً ساری چیزوں پر متفق ہیں۔
ہمایوں اختر نے مزید کہا کہ چند افراد باریاں لیتے ہیں اور انہوں نے اجارہ داری قائم کی ہوئی ہے، ہم سب کا خیال ہے کہ جس زنجیر سے بندھے ہوئے ہیں اس سے باہر نکلیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ احسن ریاض فتیانہ 2013 کے الیکشن میں آزاد حیثیت میں جیت چکے ہیں، بات چیت میں ہم آہنگی ہے۔ عنقریب بہت بڑا کٹھ ہوگا جس میں کھل کر بات چیت کی جائے گی۔
اس موقع پر احسن ریاض فتیانہ نے کہا کہ ہمایوں اختر خان نے ہمیں نئے امید دی ہے، تھانہ کلچر سے ہم جان چھڑوانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے یہ بہت اچھے امیدوار ہوں گے، حلقے کے عوام کی خدمت کے لیے ہمایوں اختر میں جذبہ دیکھا ہے۔