یہ سیاسی اکھاڑا نہیں ،سیاسی تقریریں باہر جاکے کریں، الیکشن کمیشن نے شیر افضل …
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن نے این اے 235کراچی سے متعلق عذرداری درخواست پر شیر افضل مروت کو سیاسی بیان بازی سے روک دیا،ممبر نثار درانی نے کہاکہ یہ سیاسی اکھاڑا نہیں ہے ادھر سیاسی تقریر مت کریں،سیاسی تقریریں الیکشن کمیشن کی عمارت سے باہر جاکے کریں۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں این اے 235کراچی سے متعلق عذرداری درخواست پر سماعت ہوئی،امیدوار سیف الرحمان کی درخواست پر تین رکنی کمیشن نے سماعت کی،وکیل شیر افضل مروت نے کہاکہ ایم کیو ایم امیدوار کو صرف2ہزار ووٹ ملے اور ان کو جتوایا گیا،ایم کیو ایم کے امیدوار ساتویں نمبر پر تھے ، صبح وہ جیت گئے، وکیل ایم کیو ایم فروغ نسیم نے کہاکہ ہمارے پاس تمام پولنگ سٹیشنز کے تصدیق شدہ فارم 45ہیں،شیر افضل مروت نے کہاکہ این اے 235میں بدترین دھاندلی کی گئی،وکیل پیپلزپارٹی نےکہاکہ این اے 235میں براہ راست فائرنگ کی گئی،وکیل شیر افضل مروت نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ کے بدترین انتخابات کروائے گئے۔
ممبر نثار درانی نے کہاکہ یہ سیاسی اکھاڑا نہیں ہے ادھر سیاسی تقریر مت کریں،سیاسی تقریریں الیکشن کمیشن کی عمارت سے باہر جاکے کریں،وکیل ایم کیو ایم نے کہاکہ الیکشن کمیشن ایسی سیاسی تقریریں سنے گا تو عذرداریاں کبھی ختم نہیں ہوں گی،وکیل ایم کیو ایم نے این اے 235کے تصدیق شدہ فارم 45الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے۔
ممبراکرام اللہ خان نے کہاکہ اگرفارم 45میں فرق ہے تو کیا اس کی تحقیقات ہو سکتی ہیں؟وکیل ایم کیو ایم نے کہاکہ انتخابات سے متعلق تنازعات الیکشن ٹریبونل کو بھجوا دیئے جائیں،الیکشن کمیشن نے این اے 235کے آر او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی،الیکشن کمیشن نے این اے 235کی سماعت 21فروری تک ملتوی کردی۔