ساہیوال (ڈیلی پاکستان آن لائن ) ساہیوال کے علاقے کمیر میں دربار محمد پناہ کے قریب شارٹ سرکٹ کے باعث 40 دکانیں جل گئیں ، آتشزدگی کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ میں تبدیل ہو گیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوزکے مطابق آگ لگنے کا واقعہ ساہیوال کے علاقے کمیر میں دربار محمد پناہ کے قریب پیش آیا جہاں شارٹ سرکٹ کے باعث ایک دکان میں آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ارد گرد موجود 40 دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے مزید گاڑیوں کو لایا گیا، ریسکیو عملے نے چند گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، آتشزدگی کے نتیجے میں دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا، دربار محمد پناہ پر عرس کی تقریبات گزشتہ روز ہی ختم ہوئی تھیں۔