لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے فیصل آباد کا دورہ کیا۔ وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان شریک تھے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں سینٹرل پنجاب میں عید میلاد النبیؐ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین کابینہ کمیٹی و وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میانوالی میں پولیس کی معاونت کیلئے رینجرز کی 2 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا اور حکومت پنجاب شرکاء کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے مشروب اور مٹھائی پیش کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عیدِ میلاد کے پرامن انعقاد کیلئے امن کمیٹیوں اور منتظمین سے مسلسل رابط رکھا جائے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صوبہ بھر میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے بہترین کوآرڈینیشن جاری ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ تمام مرکزی جلوسوں کے روٹس اور محافل میلاد کیلئے سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس سے صوبائی وزراء میاں مجتبی شجاع الرحمن اور بلال اکبر خاں نے بھی خطاب کیا اور حساس مقامات پر خصوصی سیکیورٹی پروٹوکولز پر عمل کی ہدایت کی۔ کمشنر فیصل آباد سلوت سعید، آر پی او ڈاکٹر محمد عابد خان، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، سی پی او فیصل آباد کامران عادل کے علاوہ فیصل آباد ڈویژن کے دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے تمام انتظامات بارے بریفنگ دی۔
اجلاس میں ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن سے کمشنرز اور آر پی اوز نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پرامن انعقاد کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔