کرکٹ کرپشن ،پی سی بی نے شکیل شیخ پر تاحیات پابندی عائد کردی
اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی گورننگ بورڈکے سابق رکن شکیل شیخ کی کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن اور دستاویزی ثبوت کی روشنی میں شکیل شیخ پر تاحیات پابندی عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی انکوائری کمیٹی نے شکیل شیخ کیخلاف بے ضابطگیوں اور شکایات پرجواب طلبی کیلئے انہیں متعدد نوٹسز جاری کئے لیکن ان نوٹسز کے باوجود وہ انکوائری کمیٹی میں پیش ہونے سے انکاری رہے جس پر انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ پی سی بی میں جمع کروائی جس کی روشنی میں گورننگ بورڈکے سابق رکن شکیل شیخ اور اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق عہددار ناصر اقبال پر تاحیات پابندی عائد کردی۔ پی سی بی انکوائری کمیٹی نے شکیل شیخ اور ناصر اقبال سے کروڑوں روپوں کی ریکوری کرنے سمیت انکے خلاف قانون کے مطابق کیسز کے اندراج کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو معاملہ بھیجنے کی بھی سفارش کی ہے۔