آسٹریلین اوپن میں ویمن سنگلز کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی۔ دفاعی چیمپئن سبالینکا اور کوکو گف کے بعد ڈیانا یسٹریمسکا اور چین کی کین ون زینگ بھی آخری چار کھلاڑیوں میں شامل ہوگئیں۔
میلبورن میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ میں ویمن سنگلز کے تیسرے کوارٹر فائنل میں کوالیفائر کھلاڑی یوکرین کی ڈیانا یسٹریمسکا کا مقابلہ چیک ری پبلک کی لینڈا نوسکووا سے تھا جسے اُنہوں نے باآسانی اسٹریٹ سیٹ میں چھ تین اور چھ چار سے ہراکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
چوتھے کوارٹر فائنل میں چین کی کن وین زینگ نے اینا کالنس کایا کو دلچسپ مقابلے کے بعد تین سیٹ میں مات دی۔ پہلا سیٹ روسی کھلاڑی نے ٹائی بریکر پر 6-7 سے اپنے نام کیا لیکن بقیہ دونوں سیٹ میں کن وین زینگ نے کامیابی حاصل کرکے پہلی مرتبہ گرینڈ سلم کے سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔
مینز سنگلز کے تیسرے کوارٹر فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک روس کے ڈینئل میدودیو نے پولینڈ کے ہیوبرٹ ہرکیز کو پانچ سیٹ کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد مات دے دی۔ وہ تیسری مرتبہ اس ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔