ہوم Sports دوسرا ون ڈے: پاکستان نے آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے شکست دے...

دوسرا ون ڈے: پاکستان نے آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے شکست دے دی

0


  • پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے شکست دی۔
  • میچ کی خاص بات حارث رؤف کی پانچ وکٹیں اور اوپنر صائم ایوب کی شان داری بلے بازی تھی۔
  • بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر آسٹریلیا کی پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 163 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
  • پاکستان نے بغیر کسی مشکل کے آسان ہدف حاصل کر لیا۔

ویب ڈیسک _ پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا جانے والا 164 رنز کا ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ اوپنر بلے بازوں صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے 137 رنز کی ابتدائی شراکت داری قائم کر کے پاکستان کی جیت کو یقینی بنایا۔

صائم ایوب چھ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 71 گیندوں پر 82 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ عبداللہ شفیق 64 اور بابر اعظم 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کپتان محمد رضوان کا یہ فیصلہ اس وقت صحیح ثابت ہوا جب پاکستانی پیسرز حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور محمد حسنین کی بالنگ سے آسٹریلوی بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی۔

حارث رؤف نے پانچ آسٹریلوی بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی جس پر اُنہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

میزبان آسٹریلوی ٹیم 163 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ سوائے اسٹیون اسمتھ کے کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔

اسمتھ نے 35 رنز بنائے جب کہ دیگر نمایاں بلے بازوں میں میتھیو شارٹ 19، جوش انگلس 18 اور گلین میکسویل 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین، نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پیٹ کمنز کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم نے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سیریز میں واپسی کے لیے پاکستان کو لازمی جیت درکار ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ اتوار کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔



Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version