دنیا کے مقبول ترین پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر انٹری دیتے ہی کئی ریکارڈ توڑ دیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے اپنا یوٹیوب چینل ‘UR—Cristiano’ بدھ کے روز لانچ کیا اور 24 گھنٹوں کے اندر اندر انہوں نے سلور، گولڈن اور ڈائمنڈ بٹن اپنے نام کر لیے۔
ان کا یوٹیوب چینل پہلے 90 منٹ میں ایک ملین سبسکرائبرز حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا چینل بھی بن گیا ہے۔
گوکہ انہوں نے 8 جولائی کو یوٹیوب جوائن کیا تھا تاہم انہوں نے اپنے چینل پر باقاعدہ ویڈیوز شیئر کرنے کا آغاز یوٹیوب جوائن کرنے کے اعلان کے بعد 21 اگست سے کیا ہے۔
صرف 4 دنوں میں 20 ویڈیوز اور شارٹس کے ساتھ ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 42 ملین سے زائد ہو گئی ہے۔
اگر ہم کرسٹیانو رونالڈو کے دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بات کریں تو ان کے ایکس پر 112.6 ملین اور انسٹاگرام پر 636 ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں۔ ایسے میں کئی صارفین یہ سوچ رہے ہیں کہ رونالڈو نے مختصر دورانیے میں کتنی کمائی کر لی ہے۔
اگر آپ کا شمار بھی ایسے صارفین میں ہوتا ہے تو ہم آپ کو اس حوالے سے بتاتے ہیں۔
یوٹیوب سے ہونے والی کمائی:
تحقیق کے لیے استعمال ہونے والا ایک سافٹ ویئر تھینکیفک (Thinkific) کے مطابق حالیہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر ایڈسینس کیلکولیٹر کے ڈیٹا اور تخلیق کاروں کی خود رپورٹ کردہ کمائی کا تجزیہ کیا جائے تو اس کے مطابق یوٹیوب فی ویڈیو ہزار ویوز پر 2 سے 12 ڈالرز تک کما سکتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مختلف انڈسٹریز اور خطے کے اعتبار سے فی ویڈیو ہزار ویوز سے 4 سے 24 ڈالرز تک بھی کما سکتے ہیں اور اگر مشتہرین ان ویڈیوز کو کسی ایسے زمرے میں رکھتے ہیں جو اعلیٰ مسابقت میں آتے ہیں تو ان ویڈیوز سے ممکنہ اشتہار کی آمدنی 6 گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔
رونالڈو اپنے یوٹیوب چینل سے کتنا کما سکتے ہیں:
تھینکیفک کے مطابق اوسطً یوٹیوب صارف فی ہزار ویوز پر 6 ڈالر تک کما سکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ویڈیوز پر 10 لاکھ ویوز کے لیے تخمینی آمدنی 12 سو سے 6 ہزار ڈالرز تک ہوسکتی ہے۔
تاہم اب تک رونالڈو یوٹیوب پر 100 ملین سے زائد ویوز حاصل کر چکے ہیں، اس حساب سے اندازہ لگائیں تو اشتہار کی آمدنی، دستخط شدہ اسپانسرشپ اور ان کی اسٹار پاور کو مدنظر رکھتے ہوئے توقع کی جاتی ہے کہ انہوں نے اب تک کئی سو ملین ڈالرز کما لیے ہیں۔