سندھ پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) کے فائنل میں حیدرآباد بہادرز نے جگہ پکی کرلی، دوسری فائنلسٹ کا فیصلہ 4 فروری کو ہوگا۔
کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کوالیفائر میں حیدرآباد بہادرز نے میرپور خاص ٹائیگرز کو 90 سے شکست دے کر فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔
حیدرآباد بہادرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 196 رنز بنائے، محمد فیضان نے جارحانہ نصف سنچری اسکور کی۔
محمد فیضان نے 33 گیندوں پر 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی باری کھیلی۔
حیدر آباد کی طرف سے عرفان خان نیازی اور حسن نواز نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں، دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 53 اور 51 رنز بنائے۔
میرپور خاص کے عثمان طارق نے 3، ثمین گل نے 2 اور دانش عزیز نے 1 وکٹ حاصل کی۔
جواب میں میرپورخاص ٹائیگرز کی ٹیم 18 اعشاریہ 3 اوورز میں 106 رنز بناکر میدان بدر ہوگئی، محمد سہیل خان 43 اور دانش عزیز 22 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
حیدرآباد کی طرف سے آصف آفریدی نے 3، جہانداد خان اور محمد علی نے 2، 2 وکٹ اپنے نام کیے۔