جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے جہاں قومی ٹیم نے چائے کے وقفے تک 9 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنالیے۔
سنچورین میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جہاں ہوم ٹیم کے بولرز نے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی بیٹرز کو کھل کر نہ کھیلنے دیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا جس کے بعد 14.1 اوورز میں 36 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اگلے اوور میں پاکستان کی دوسری وکٹ 40 رنز پر گر گئی، اس مرتبہ صائم ایوب 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ایک رن کے اضافے کے بعد 4 رنز بنانے والے بابر اعظم بھی پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقی بولرز نے پاکستانی بیٹرز کو وکٹ پر رکنے کا موقع نہ دیا اور چوتھی وکٹ 56 رنز پر لے لی، اس مرتبہ آؤٹ ہونے والے بلے باز سعود شکیل تھے۔ انہوں نے 14 رنز اسکور کیے۔
تاہم پانچویں وکٹ پر کامران غلام اور محمد رضوان نے 81 رنز جوڑ کر جنوبی افریقی بولرز کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔ کامران 54 رنز بنا کر ٹیم کا ٹوٹل 137 رنز تک پہنچایا۔
کامران غلام کے آؤٹ ہوتے ہی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان صرف 5 رنز کے اضافے کے بعد 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس موقع پر سلمان علی آغا اور عامر جمال نے مزاحمت دکھائی اور ساتویں وکٹ پر 53 گیندوں پر 47 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کا ٹوٹل 189 تک پہنایا۔
تاہم اس مجموعے پر 28 رنز بنانے والے عامر جمال، 18 رنز بنانے والے سلمان علی آغا اور نسیم شاہ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔
آخری وکٹ پر ٹیل اینڈرز خرم شہزاد اور محمد عباس بیٹنگ کر رہے ہیں جنہوں نے ٹوٹل کو 200 سے پار پہنچایا۔ دونوں کے درمیان چائے کے وقفے تک 20 رنز کی پارٹنرشپ بن چکی۔
جنوی افریقہ کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے 5 جبکہ کوربن بوش نے 4 وکٹیں لیں۔
ٹاس
اس سے قبل سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باوما نے کہا کہ ہم اس سیریز کو جیتنے پر فوکس کر رہے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ کنڈیشنز سیمرز کے لیے فائدہ مند ہوں گی، ہم اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پُرجوش ہیں۔
پاکستان ٹیم
پہلے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم کپتان شان مسعود، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان آغا، عامر جمال، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقا کا آغاز ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہوا تھا جس کے بعد ون ڈے سیریز بھی کھیلی گئی تھی۔
قومی ٹیم کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-2 سے شکست ہوئی تھی جبکہ ون ڈے سیریز کے تینوں میچز پاکستان ٹیم نے جیتے تھے۔