شاہین شاہ آفریدی نے سابق وزیراعظم عمران خان کے کہنے پر لاہور قلندرز کا …
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ٹیم کے ٹی 20کپتان شاہین شاہ آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سابق وزیراعظم عمران خان کے کہنے پر لاہور قلندرز کا کپتان بنایا گیا تھا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ میں نے انڈر 19یاڈومیسٹک سطح پر کبھی کسی ٹیم کی کپتانی نہیں کی اور نہ ہی مجھے کبھی کپتان بننے کی تمنا رہی۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ 2021ء میں، میں لاہور قلندر کے مالک ثمین رانا اور ہیڈ کوچ عاقب جاوید کے ہمراہ اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کے دفتر میں بیٹھا تھا جب انہوں نے ثمین رانا اور عاقب جاوید کو مشورہ دیا کہ مجھے لاہور قلندرز کا کپتان بنا دیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور قلندرز کی کپتانی شاہین آفریدی کو ملنے سے قبل فرنچائز مسلسل ناکامیوں سے دوچار رہی اور ایک بار بھی پی ایس ایل نہ جیت سکی ۔ اس دوران ٹیم کے متعدد کپتان بھی تبدیل کیے گئے۔ شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں ٹیم 2022ء اور 2023ء میں مسلسل دو بار پی ایس ایل جیتی۔
شاہین شاہ کا کہنا تھا کہ ’’عمران خان نے کہا کہ زیادہ تر عظیم فاسٹ بائولرز ہی کپتان رہے ہیں کیونکہ فاسٹ بائولرز کے پاس فیلڈ سیٹ کرنے کا اختیار ہوتا ہے اور انہیں دیگر بائولرز کی سمجھ ہوتی ہے کہ انہیں کس چیز کی ضرورت ہے اور وہ کیا کر رہے ہیں۔اس ملاقات میں عمران خان جو باتیں کیں وہ میرے لیے بہت قیمتی تھیں۔‘‘