اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگ میں 376 رن بنائے تھے۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم محض 149 رن پر سمٹ گئی تھی۔ دوسری اننگ میں 227 رن کی سبقت کے ساتھ ہندوستان نے اسے 515 رن کے بڑے ہدف تک پہنچایا۔ ہندوستانی ٹیم کی دوسری اننگ کی بات کریں تو اس بار بھی بنگلہ دیش کی ٹیم شروعاتی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی، لیکن پہلی اننگ میں صفر پر آؤٹ ہونے والے گل نے دوسری اننگ میں 119 رن کی شاندار اننگ کھیلی۔ اس میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، جبکہ دو سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کر رہے رشبھ پنت نے ان کا پورا ساتھ دیتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ سا دوران انھوں نے 13 چوکے اور 4 چھکے لگاتے ہوئے 109 رنوں کی اننگ کھیلی۔ دونوں نے چوتھے وکٹ کے لیے 167 رنوں کی شراکت داری کر کے بنگلہ دیشی گیندبازوں کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ دوسرے سیشن میں سب کی توجہ اس بات پر تھی کہ ہندوستان اپنی اننگ ختم کرنے کا اعلان کب کرتا ہے۔