ہوم Sports ملتان میں انگلینڈ نے کئی ریکارڈ اپنے نام کر لئے

ملتان میں انگلینڈ نے کئی ریکارڈ اپنے نام کر لئے

0



 
(24نیوز) ملتان میں انگلینڈ نے کئی ریکارڈ اپنے نام کر لئے ہیں ،انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور سابق ٹیسٹ کپتان جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔33 سالہ جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں پانچواں نمبر بھی حاصل کرلیا۔

جوروٹ نے پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 35 ویں سنچری بنائی بلکہ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

ملتان ٹیسٹ میچ میں جو روٹ نے اپنی پہلی اننگز کے دوران انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز سکور کرنے والے بیٹس مین کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ان سے پہلے یہ ریکارڈ بائیں ہاتھ کے ساتھ بیٹنگ کرنے والے الیسٹر کک کے نام تھا۔33سالہ جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے بلے بازوں میں اب پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔یارک شائر کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والے جو روٹ نے دسمبر 2012میں پہلا ٹیسٹ ناگپور میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا۔ 

اس کے علاوہ جوروٹ اور ہیری بروک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں چوتھی وکٹ پر ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کر دی۔ انہوں نے چوتھی وکٹ پر 454 رنز بناکر نیا ریکارڈ بنایا۔اس سے قبل انگلینڈ کی جانب سے پیٹر مے اور کولن کاوڈرے نے 411 رنز کی شراکت بنائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹر ابرار احمد ہسپتال میں زیر علاج

ملتان ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کیخلاف اتنا بڑا سکور کرنے والی پہلی ٹیم بن چکی ہے۔انگلینڈ نے 20 سال قبل بھارت کی جانب سے بنایا گیا 675 رنز ریکارڈ اپنے نام کیا جس میں بھارت نے 2004 میں ملتان ٹیسٹ میں 5 وکٹ پر 675 رنز بنائے تھے۔ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں صرف چوتھی مرتبہ اننگز میں 800 سے زائد رنز بنے ہیں، اس سے قبل سری لنکا نے یہ کارنامہ 1997 میں بھارت کیخلاف سرانجام دیا تھا۔ جس میں آئی لینڈرز کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 952 رنز بنائے تھے۔

اکیسویں صدی میں پہلی بار کسی ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 700 سے زائد رنز بنا ئے ہیں، اس سے قبل 1958 میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 790 اسکور بنایا تھا۔ یہ سکور ٹیسٹ کی تاریخ کا چوتھا بڑا سکور بھی بن گیا ہے۔





Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version