کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وسیم اکرم نے دلچسپ انکشاف کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈیوڈ ملر نےبنگلہ دیش پریمئر لیگ کی وجہ سے اپنی شادی کی تاریخ آگے بڑھادی۔
ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ ملر کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ 2024 کے آخری تین میچز کھیلنے کے لیے ڈیڑھ لاکھ ڈالرز کی پیشکش کی گئی، انہوں نے ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے اپنی شادی ملتوی کردی۔بیٹر کی عمدہ پرفارمنس کے باعث ان کی ٹیم فارچیون باریشال بنگلہ دیش پریمیئر لیگ 2024 میں پہلی بار ٹائٹل جیتنے میں بھی کامیاب رہی تھی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملر نے حال ہی میں کیپ ٹاؤن میں ایک ستاروں سے سجی تقریب میں اپنی برسوں پرانی گرل فرینڈ کیملا ہیرس سے شادی کی ہے۔وسیم اکرم نے شو میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ مجھے آج ہی پتہ چلا کیونکہ ہم اس بات پر گفتگو کر رہے تھے کہ بی پی ایل کس نے جیتا کیوں کہ ہم پی ایس ایل کی وجہ سے اسے فالو نہیں کر رہے تھے۔واضح رہے کہ فرنچائز فارچیون باریشال نے تمیم اقبال کی کپتانی میں پہلی بار بی پی ایل 2024 کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔