لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے مداحوں کے لئے عید کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ عید منائیں اور انجوائے کریں، ہم کھلاڑیوں کو بہت کم عید گھر پر منانے کا موقع ملتا ہے۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں بابراعظم کا کہناتھا کہا فٹنس کیمپ سے ہمیشہ فٹنس میں بہتری آتی ہے، کاکول میں میرا تیسرا کیمپ تھا اور ہر بار مجھے فائدہ ہی ہوا ہے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹی 20 ورلڈکپ ٹارگٹ ہے اور اسی لیے اس فری وقت میں فٹنس کیمپ کا انعقاد کیا، کیمپ میں اچھا وقت گزرا، کھانا اور سحری ایک ساتھ کھانا کھاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اعظم خان نے اس کیمپ میں کافی متاثر کیا، اس نے ہر سیشن میں حصہ لیا، حسن علی کی ٹیم کی جان ہے ، وہ ہر وقت مزاح کرتا رہتا ہےاور ہر وقت ایکٹو رہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جس کھلاڑی کی بھی سالگرہ ہوتی ہے ہم ایک ساتھ مناتے ہیں، شاہین کو گھر میں کام تھا اسی لیے انکی سالگرہ یہاں نہں منا سکے، اگر وہ کیمپ میں ہوتا تو ضرور مناتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر چیز میں تسلسل چاہیئے، چاہے وہ فٹنس ہو یا کھیل ہو، بطور کپتان اور کھلاڑی ٹیم میں کھیلنا الگ ہوتا ہے، بطور کپتان ذمہ داریاں الگ ہوتی ہیں، بطور کپتان کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ سمیت سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے۔