ایرانی میڈیا کے مطابق محمد مخبر دزفولی کو دو ماہ کے لیے ایران کا عبوری صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔ ایرانی آئین کے مطابق 50 دن کے اندر دوبارہ صدارتی انتخاب کرایا جائے گا۔ ایرانی نائب صدر محمد مخبر دزفولی 1955 میں ایران کے علاقے دزفول میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم دزفول اور اہواز میں حاصل کی۔ محمد مخبر دزفولی نے الیکٹریکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے پاس بین الاقوامی قانون میں ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں ہیں۔ایرانی نائب صدر خوزستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے سی ای او، خوزستان کے ڈپٹی گورنر، سینا بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور نائب وزیر تجارت اور ٹرانسپورٹیشن بھی رہے ہیں۔