ہوم World امریکی سینیٹر کے ذہنی بیمار بیٹے کو سڑک حادثے میں پولیس اہلکار...

امریکی سینیٹر کے ذہنی بیمار بیٹے کو سڑک حادثے میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے پر 28 سال قید کی سزا سنا دی گئی

0



واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست شمالی ڈکوٹا کے سینیٹر کیون کریمر کے بیٹے ایان کریمر کو پولیس اہلکار کے قتل کے الزام میں 28 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ایک ہسپتال سے فرار ہو کر تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے ایک ڈپٹی کی گاڑی سے ٹکرائے  جس کے نتیجے میں ڈپٹی پال مارٹن کی موت واقع ہوئی۔

سی این این کے مطابق ایان کریمر، جو کہ 43 سال کے ہیں، نے ستمبر میں تمام الزامات قبول کر لیے تھے۔ الزامات  میں قتل، گرفتاری سے بچنے کی کوشش، لاپرواہی سے خطرہ پیدا کرنا اور منشیات اور ڈرائیونگ سے متعلق دیگر جرائم شامل تھے۔ یہ حادثہ 6 دسمبر 2023 کو پیش آیا تھا جس میں 53 سالہ مرسر کاؤنٹی کے ڈپٹی  شیرف  پال مارٹن ہلاک ہو گئے تھے۔

ریاستی جج بوبی وائلر نے کریمر کو 38 سال قید کی سزا سنائی جس میں سے 10 سال معطل کیے گئے اور تین  سال پروبیشن کے ساتھ دیے گئے۔ جج نے یہ بھی واضح کیا کہ کریمر ممکنہ طور پر مکمل 28 سال نہیں گزارے گا کیونکہ قید کا دورانیہ محکمہ اصلاحات کی پالیسی پر منحصر ہے۔

ایان کریمر نے عدالت میں معافی مانگی اور کہا “میرا ایسا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ یہ ایک حادثہ تھا، اور میں امید کرتا ہوں کہ ایک دن مارٹن کے اہل خانہ مجھے معاف کر سکیں گے۔ مجھے لگتا ہے کہ میرے لیے بہترین چیز یہ ہے کہ مجھے ہسپتال بھیجا جائے تاکہ مزید مدد مل سکے۔”

معاملے کے دوران زیادہ تر توجہ کریمر کی منشیات کی لت اور ذہنی صحت پر رہی۔ پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ کریمر نے حادثے کے دن میتھمفیٹامین اور دیگر مضر مواد استعمال کیے تھے، جو ان کی دماغی حالت پر منفی اثر ڈال رہے تھے۔

کریمر کی والدہ نے عدالت میں بیان دیا کہ ان کے بیٹے نے خود کو نقصان پہنچایا ہے اور وہ ذہنی بیماری سے لڑ رہے ہیں۔حادثے سے قبل کریمر کو ذہنی صحت کے مسائل کی وجہ سے ہسپتال لے جایا گیا تھا۔ ہسپتال میں وہ گاڑی کا کنٹرول حاصل کر کے ایک بند گیراج کے دروازے کو توڑ کر فرار ہو گئے۔
انہوں نے 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلائی اور پولیس کے ٹائر پنکچر کرنے والے آلات کے باوجود گاڑی نہ روکی۔ بالآخر ان کی گاڑی نے ڈپٹی پال مارٹن کی گاڑی کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں مارٹن 100 فٹ دور جا گرے اور ہسپتال میں دم توڑ گئے۔
سینیٹر کیون کریمر نے کہا کہ ان کا بیٹا سنگین ذہنی بیماریوں کا شکار ہے، جن کا اظہار شدید خوف اور ہذیان کی شکل میں ہوتا ہے۔ انہوں نے عدالت اور پراسیکیوٹرز کی جانب سے ذہنی صحت کے مسائل کو نظر انداز کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔





Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version