ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی کے ہنگام ممبئی کے تمام فائیو سٹار ہوٹل بک ہو گئے اور کمروں کے کرائے بڑھ کر 1لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 3لاکھ 32ہزار پاکستانی روپے) فی رات تک جا پہنچے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عام دنوں میں ممبئی کے فائیو سٹار ہوٹلز کا کرایہ لگ بھگ 13ہزار بھارتی روپے تک ہوتا ہے، جو اننت امبانی اور ان کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تواریخ میں ایک لاکھ بھارتی روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔ بالخصوص بی کے سی اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں واقع ہوٹلوں کے کرایوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ہوٹلوں کے کرائے میں اضافہ 10جولائی سے 16جولائی تک کے لیے ہوا ہے جو اننت اور رادھیکا کی شادی کے دن ہیں۔ اس شادی کے ہنگام ممبئی پولیس کی طرف سے بھی خصوصی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے، جس میں لوگوں کو جیو ورلڈ کنونشن سنٹر کے اردگرد کی سڑکوں پر غیرضروری آمدورفت سے منع کیا گیا ہے، جہاں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریب ہونے جا رہی ہے۔