ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی پولیس کو مہاراشٹر کے ضلع سندھو دورگ کے جنگل میں درخت کے ساتھ زنجیر سے بندھی امریکی خاتون ملی ہے جس کی عمر تقریبا 50 سال ہے اور اس کی شناخت ’ لالیتا کائی‘ کے نام سے ہوئی ہے
تفصیلات کے مطابق خاتون کے پاس سے دستاویزات کا ایک سیٹ، جس میں تمل ناڈو کے پتہ کے ساتھ ایک آدھار کارڈ بھی شامل تھا، برآمد ہوا، پولیس کو شبہ ہے کہ خاتون لالیتا کائی کو اس کا شوہر جنگل میں باندھ کر فرار ہو گیا۔پولیس افسر کاکہناتھا کہ خاتون جسمانی طور پر کمزور ہے اور ساتھ ہی ذہنی صحت کے مسائل سے بھی دو چار ہے ، اس کا تعلق امریکہ سے ہے اور پچھلے دس سالوں سے تمل ناڈو میں رہائش پذر تھی ، جہاں سے اس کے شوہر کا تعلق ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم کو ان کے آدھار کارڈ میں مذکور پتہ پر ان کے رشتہ داروں کو تلاش کرنے اور مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ دستاویز کی تصدیق کے لیے بھیجا گیا ہے۔سندھودورگ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، سوربھ اگروال نے کہا کہ ابھی تک کوئی کیس درج نہیں کیا گیا ہے۔ ایک اور افسر نے بتایا کہ ہفتے کی شام کو ایک چرواہے نے ان کی چیخیں سنیں اور پولیس کو مطلع کیا۔
“خاتون کو ساونتواڑی کے ایک ہسپتال اور پھر سندھودورگ کے اوروس میں لے جایا گیا۔ ان کی ذہنی اور صحت کی حالت کو دیکھتے ہوئے، انہیں جدید علاج کے لیے گوا میڈیکل کالج منتقل کیا گیا۔ وہ خطرے سے باہر ہیں۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں۔ پولیس افسر کا کہناتھا کہ ہم نے ان کے قبضے سے طبی نسخے برآمد کیے ہیں ، ہمیں ان کا آدھار کارڈ تمل ناڈو کے پتہ کے ساتھ اور ان کے امریکی پاسپورٹ کی فوٹو کاپی ملی۔ ان کا ویزا ختم ہو چکا ہے۔ پولیس فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس سے رابطے میں ہے۔