تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے مطالبے کے ایک دن بعد حماس کے رہنما اسماعیل ھنیہ ایرانی حکام کے ساتھ بات چیت کے لیے منگل کو تہران میں تھے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسماعیل ھنیہ منگل کو ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے تہران میں ملاقات کے بعد دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 7 اکتوبر2023 کو ایران کے حمایت یافتہ گروپ کی طرف سے اسرائیل پر غیر معمولی حملے کے بعد حماس کے رہنما کا تہران کا یہ دوسرا دورہ ہے۔اسرائیل کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر کے حملے کے نتیجے میں تقریباً 1,160 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ ترعام شہری تھے۔
قبل ازیں اسماعیل ھنیہ نے گذشتہ سال نومبر کے اوائل میں تہران کا دورہ کیا تھا اور اس دورے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔